ملکی ترقی ‘ خوشحالی اور امن کا قیام اولین ترجیح‘ سمجھوتہ نہیں ہو گا: وزیراعظم
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں ترقی خوشحالی اور امن کا قیام حکومت کی اوّلین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے عمل کو مزید تیز کیا جائیگا‘ امن و امان کی بہتری سے ملک میں سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت بھی ترقی کریگی‘ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبے عوام کو مسائل سے نجات دلائیںگے اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کریںگے۔ وہ اپنی رہائشگاہ جاتی امرا میں پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف ، کمشنر لاہور راشد محمود لنگڑیال، ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور ڈی سی او سمیت متعلقہ افسر بھی موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم کو لاہور راوی روڈ، فیروز پورروڈ فری سگنل سمیت دیگر منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس پر وزیراعظم نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی پر یقین رکھتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ عوام کو جلد از جلد مسائل سے نجات دلا کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ہم ملک کے کونے کونے میں عوام کو خوشحال اور ملک کی ترقی دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس کے دوران وزیراعظم نے لاہور کے اردگرد غیر آباد سرکاری زمین استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں راوی زون کی ترقی اور تاریخی مقامات کی بحالی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف کی زیر صدارت راوی زون ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ ،کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال اور ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو راوی زون ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کی تعمیر و ترقی کیلئے پنجاب حکومت اور ایل ڈی اے ملکر کام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور کے گردونواح میں بے آباد زمین کو عوام کے بہترین مفاد میں استعمال میں لایا جائے۔ راوی زون ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی فزیبلٹی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ عوام کو سستی تفریح کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ثقافتی مقامات کی اصل شکل میں بحالی کیلئے بھی ہر ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کی فلاح کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ریلیف بھی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے رائے ونڈ لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پنجاب میں امن وامان ترقیاتی منصوبوں سمیت نرسز پر ہونیوالے تشدد اور مظفر گڑھ میں زیادتی کیس کے واقعہ پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کی فلاح کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ریلیف بھی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے رائے ونڈ لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پنجاب میں امن وامان ترقیاتی منصوبوں سمیت نرسز پر ہونیوالے تشدد اور مظفر گڑھ میں زیادتی کیس کے واقعہ پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔