طالبان نے ڈاکٹر اجمل کو رہا کرنے کا فیصلہ کر لیا: علامہ طاہر اشرفی
لاہور (آئی این پی) پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ طالبان نے ڈاکٹر اجمل کو رہاکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انکی آئندہ چند روز تک رہائی کا امکان ہے۔ شہریار تاثیر اور موسیٰ گیلانی کی بھی رہائی زیادہ دور نظر نہیں آتی۔ نوازشریف نے یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومتی اداروں کی تحویل میں کوئی بزرگ، عورت یا بچہ ہوا تو اسے ضرور رہا کیا جائیگا۔ طالبان سے مذاکرات میں آئین و قانون سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جائیگا۔ آئین کے تحت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کچھ لوگ طالبان سے مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ نوازشریف کی آنکھوں میں جو چمک دیکھی اس سے امن کی امید پیدا ہو رہی ہے۔