• news

عدلیہ کسی خوف کا شکار نہیں‘ تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کئے جا رہے ہیں: چیف جسٹس

لاہور (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) عدالتوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں اجلاس سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوا۔ اعلیٰ پولیس افسروں نے عدالتوں میں سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں ہوم سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرل سکیورٹی، ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی سی او لاہور سمیت شرکت کی۔ پولیس افسروں نے عدالتوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور منصوبے سے متعلق تفصیل سے بتایا۔ چیف جسٹس نے  کہا کہ اعلی اور ضلعی عدالتوں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ دریں اثنا فاضل چیف جسٹس نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں انتظامی امور نمٹائے۔ آئی این پی کے مطابق اجلاس سے خطاب میں چیف جسٹس  نے کہا ہے کہ موجودہ عدلیہ کسی خوف کا شکار نہیں تمام فیصلے میرٹ آئین اور قانون کے مطابق کئے جا رہے ہیں‘  ججز وکلاء اور سائلین کو ہر صورت مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ ججز کو کوئی خوفزدہ نہیں کر سکتا، انصاف کی فراہمی عدلیہ کی ذمہ داری ہے اور ہم بغیر کسی خوف کے عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرتے رہیںگے۔

ای پیپر-دی نیشن