دہشت گردی سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ‘ فوج نمٹنے کے لئے تیار ہے: آرمی چیف
گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ثنا نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے ہمیں دہشت گردی سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مسلح افواج ان سے نبردآزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے‘ تربیت کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنا ہی پاک فوج کا طرۂ امتیاز ہے۔ گوجرانوالہ گیریژن کے دورے کے دوران افسران و نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دہشت گردی سے ملک کو خطرہ ہے مسلح افواج اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے قربانیاں دے رہی ہیں۔ قوم ملکی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پاک فوج کے افسران و جوانوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔ انہوں نے کہا ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فوج کو ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کی تربیت کا اعلیٰ معیار ہی پاک فوج کیلئے فخر کا باعث ہے۔ ثنا نیوز کے مطابق انہوں نے کہا پاک فوج ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اپنے مادر وطن کی بے لوث خدمت کرنا ہمارا عزم ہے۔