خیبر پی کے اسمبلی کی مسلم لیگی رکن رقیہ حنا کے شوہر، دو بیٹے قاتلانہ حملہ میں شدید زخمی
ایبٹ آباد( اے این این ) خیبر پی کے اسمبلی کی رکن رقیہ حنا کے خاوند اور دو بیٹے قاتلانہ حملہ میں شدید زخمی ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ہفتہ کی شام مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے رقیہ حنا کے شوہر محمد خان سواتی جو کہ مسلم لیگ (ن) سٹی ایبٹ آباد کے صدر بھی ہیں، اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ چٹا پل سے گھر کی طرف جارہے تھے کہ راستے میں ملزمان نے ان پر ڈنڈوں اور آتشیں اسلحہ سے حملہ کر دیا۔ حملہ میں رقیہ حنا کے شوہر محمد خان سواتی، انکے دو بیٹے اعظم سواتی اور حسن سواتی شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد پہنچایا گیا جبکہ قاتلانہ حملہ کرنیوالے ملزمان فیاض ، ریاض اور شہزاد کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔