• news

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بھارت سے مذاکرات اور تعلقات بے معنی ہیں: غلام محمد صفی

اسلام آباد (آئی این پی)کل جماعتی حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس پاکستان، بھارت تعلقات یا دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور باہمی مذاکرات کے خلاف نہیں لیکن مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم رہ سکتے ہیں نہ ہی مذاکرات اور باہمی تجارت کاکوئی فائدہ ہو گا ، آزاد کشمیر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے تارکین وطن سے حریت کانفرنس کے علیل چیئرمین سید علی گیلانی کی صحت یابی اور درازی عمر کی دعا کی اپیل ہے۔ وہ ہفتہ کو  بات چیت کر رہے تھے۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت نے کبھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں سنجیدگی سے مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی بلکہ مذاکرات کو ہمیشہ وقت گزاری اور اپنی اندرونی و داخلی مشکلات سے باہر نکلنے کے لئے استعمال کیا ہے اس لئے کشمیری عوام کو پاکستان، بھارت مذاکراتی عمل سے اب زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات اس صورت کامیاب ہوسکتے ہیں جب ہم دو طرفہ کی بجائے سہ فریقی ہوں اور ان میں کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے بھی شریک ہوں اور ان کا ایجنڈا نمبر ون مسئلہ کشمیر ہو۔

ای پیپر-دی نیشن