• news

کوئٹہ: افغان سرحد اور پٹ فیڈر کے قریب دھماکے، 3 افراد جاں بحق، سائنس چوک سانحہ میں مرنیوالے دو افراد کی شناخت نہ ہو سکی

کوئٹہ (این این آئی+ ثناء نیوز) پاک افغان سرحد اور پٹ فیڈر کے قریب دھماکے تین افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔ پاکستان، افغانستان سرحد پر افغان پولیس اہلکاروں کے قریب بم کا دھماکہ ہوا جس میں افغان پولیس کے دو اہلکار جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر قندھار ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ نصیرآباد پٹ فیڈر کے علاقے میں بھی بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کی زد میں عبدالخالق آکر ہلاک ہوگیا جبکہ عبدالرزاق شدید زخمی ہوگیا جسے نصیرآباد کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ قبل ازیں کوئٹہ کے علاقے سائنس کالج چوک پر گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں سے 8 کی شناخت ہوگئی تاہم اب تک دو افراد کی شناخت نہ ہوسکی۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد سول اور سی ایم ایچ ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ جائے وقوعہ کی صفائی اور ملبہ اٹھانے کا کام بھی جاری رہا۔

ای پیپر-دی نیشن