2 خودکشیاں: ماڈل ٹاؤن میں کاروباری نقصان پر گاڑیوں کے ڈیلر نے زندگی ختم کر لی
لاہور+ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لاہور میں گاڑیوں کے ڈیلر، گوجرانوالہ میں 4 بچوں کے باپ نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ماڈل ٹاؤن کے علاقہ میں 30 سا لہ گاڑیوں کے ڈیلر نے کاروباری نقصان پر گلے میں پھندہ ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ احمد رضا کئی ماہ سے اپنے بہنوئی کے گھر واقع ماڈل ٹائون ایچ بلاک میں رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ روز گھر کے کمرے میں اس کی پھندی لگی نعش برآمد ہوگئی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیتے ہوئے پاسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے میں جمع کروا دی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی گاڑیوں کا کاروبار کرتا تھا اور اس کے بہنوئی اور بہن نے بتایا احمد گزشتہ کئی روز سے ڈپریشن کا شکار تھا اور خاموش رہ رہا تھا۔ اصل حقائق پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گئے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں گھریلو پریشانی میں مبتلا چار بچوں کے باپ نے مبینہ خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جبکہ چوکیدار کے بیٹے نے سوتیلی ماں کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔ افتخار کالونی کا 50سالہ عبدالغفور چار بچوں کا باپ تھا جس نے پانچ سال قبل صغراں بی بی نامی خاتون سے دوسری شادی کر رکھی تھی جسے ہفتہ کے روز آگ لگنے سے بری طرح جھلس جانے پر طبی امداد کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا مگر حالت مزید بگڑ جانے کے باعث عبدالغفور کو لاہور ریفر کیا گیا جو راستے میں ہی موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جاں کی بازی ہار گیا جبکہ ہسپتال میں اسکے ہمراہ افراد کا کہنا تھا وہ کچھ دنوں سے گھریلو پریشانیوں میں مبتلا تھا۔ پولیس نے بتایا عبدالغفور سبزی منڈی میں چوکیدار کے فرائض سرانجام دیتا تھا۔ اس کے بیٹے عمر نے درخواست دیکر موقف اختیار کیا ہے اسے شبہ ہے اس کے باپ کو سوتیلی ماں صغراں بی بی نے اپنی بہنوں سمیرا، عصمت اور بہنوئی فیاض سے ملکر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی ہے تاہم پولیس مصروف تفتیش ہے۔