• news

بھاشا ڈیم پر گلگت بلتستان اور خیبرپی کے کے مابین سرحدی تنازع، وزیراعظم نے کمشن بنانے کی سمری منظور کرلی

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف  نے دیامر بھاشا ڈیم کی حدود پر  خیبرپی کے اور گلگت بلتستان کے درمیان پیدا ہونے والے سرحدی تنازعہ کے حل کیلئے 3 ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل بائونڈری کمشن کی تشکیل کیلئے وزارت امور کشمیر کی سمری منظور کرلی، آئندہ ہفتے کمشن کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائیگا، کمشن دونوں حکومتوں کے دعوے کا جائزہ لے کر کے پی کے اور جی بی کے درمیان سرحدی پٹی کا از سر نو تعین کریگا، کمشن 6 ماہ میں اپنی سفارشات تیار کرکے حکومت کو دے گا۔ تفصیلات کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم میں آنیوالے رقبے اور ڈیم کے ایک پاور کی تعمیر کی جگہ پر کے پی کے اور جی بی کے درمیان تنازعہ ، مشرف  دور سے چلا آرہا ہے۔  خیبرپی کے کی حکومت کا مطالبہ ہے ان علاقوں کو کے پی کے کا حصہ تسلیم کیا جائے جبکہ دوسری جانب گلگت بلتستان کی حکومت کا موقف ہے کہ وہ کسی صورت میں اپنے علاقے کے ایک انچ سے دستبردار نہیں ہوگی، ان کا کہنا ہے کہ وفاق اور کے پی کے کی بیوروکریسی ڈیم سے پیدا ہونے والی بجلی کی آدھی رائیلٹی خیبرپی کے کو دینے کیلئے جی بی کے بعض علاقوں کو زبردستی خیبرپی کے کا حصہ بنانا چاہتا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔ اس صورتحال کے مدنظر وزارت امور کشمیر نے وزیراعظم نواز شریف کو تنازعہ حل کرنے کیلئے کہا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن