• news

کجریوال کا بنارس سے نریندر مودی کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان‘چیلنج قبول، مودی کو ہرانا ہے: رہنما عام آدمی پارٹی

نئی دہلی (بی بی سی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیراعلیٰ نئی دہلی اروند کجریوال نے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی کا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اترپردیش میں (بنارس) سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی نے اتوار کو ہی اس نشست سے نریندر مودی کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اروند کجریوال نے بنگلورو میں ایک روڈ شو کے دوران کہا بی جے پی کے نریندر مودی کو ہرانا ہے۔ پارٹی کا آج ایک اجلاس ہوا اور پارٹی نے کہا کہ مجھے مودی کیخلاف انتخاب لڑنا چاہئے۔ انہوں نے کہا میں جانتا ہوں کہ یہ بڑا چیلنج ہے لیکن مجھے یہ چیلنج قبول ہے۔ کجریوال نے کہا کہ پارٹی نے انہیں بنارس سے ٹکٹ دیا ہے اور انہیں یہ چیلنج قبول ہے لیکن اس بارے میں وہ 23 مارچ کو بنارس میں ایک ریلی منعقد کر کے عوام کی رائے لیں گے اور اگر عوام کی رائے بھی یہی ہوگی تو وہ نریندر مودی کیخلاف انتخاب لڑیں گے۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے کارکنوں کو وارانسی پہنچنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن