امریکہ اور بھارت مذاکرات سبوتاژ کرنیکی سازشیں کر رہے ہیں: سمیع الحق
لاہور/اکوڑہ خٹک (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے امر یکہ اور بھارت طالبان سے مذاکرات کو سبوتاژ کر نے کی سازشیں کر رہے ہیں‘ طالبان جنگ میں کم ازکم مزید ایک ماہ کی توسیع کر سکتے ہیں مگر حکو مت کو سنجیدگی برقرار رکھنا ہوگی‘ آپر یشن کا مشورہ دینے والے ملک میں امن کے دشمن ہیں‘ طالبان اور حکو مت دونوں کی ذمہ داری ہے وہ حالیہ دہشت گردی میں ملوث قوتوں کو بے نقاب کریں۔ گزشتہ روز مولانا عاصم مخدو م اور دیگر سے ٹیلی فونک گفتگو کر تے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا ہماری کوشش ہوگی کہ بات آپریشن تک نہ جائے اور ملک میں ہونیوالی حالیہ دہشت گردی اصل میں مذاکرات کوسبوتاژ کرنے کی کوشش ہے اور ہمیں یہ بھولنا نہیں چاہئے کہ امر یکہ اور بھارت بھی پا کستان کے طالبان سے مذاکرات کے مخالف ہیں اور وہ سازش کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ انہوں نے کہا آپریشن سے ملک میں دہشت گردی کم نہیں ہو گی بلکہ اس میں اضافہ ہو گا۔