اصغر خان کیس : وزارت دفاع نے ایف آئی اے کو سابق جرنیلوں سے تفتیش سے روک دیا
اسلام آباد ( آئی این پی ) وزارت دفاع نے این آئی سی ایل کرپشن سکینڈل کے بعد اصغر خان کیس میں بھی ایف آئی اے کو سابق فوجی جرنیلوں سے تفتیش سے روک دیا ، ایف آئی اے کو معلومات فراہم کرنے کی بجائے الٹا اس سے کیس کی انکوائری رپورٹ مانگ لی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اصغر خان کیس میں سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کرنے کے الزام سے متعلق سابق فوجی جرنیلوں مرزا اسلم بیگ اور اسد درانی سمیت دیگر سے پوچھ گچھ کیلئے وزارت دفاع سے رائے طلب کی تھی ۔ وزارت دفاع نے ایف آئی اے کے سابق فوجی جرنیلوں سے سول یا آرمی ایکٹ کے تحت تفتیش کرنے کے خط کے جواب میں کیس کی انکوائری رپورٹ کی فراہم کا مطالبہ کردیا جس پر ایف آئی اے کیس کی تفتیش کو آگے بڑھانے کی بجائے انکوائری رپورٹ دینے یا نہ دینے کے معاملہ میں الجھ گئی ۔ واضح رہے اصغر خان کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے غالب بندیشہ ہیں اور گزشتہ 4 ماہ سے کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔