• news

پاکستانی اور بھارتی عوام کو قریب آنے کے مواقع ملنے چاہئیں: اوم پوری

لاہور (خبر نگار + سپورٹس رپورٹر) ممتاز بھارتی اداکار اوم پوری نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں میں کھڑکیاں تو کھل چکی ہیں اب دروازے بھی کھل جانے چاہئیں۔ دونوں ملکوں میں آباد رشتہ داروں کو ایک دوسرے سے ملنے میں تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔ حکمران اپنے دل بڑے کریں۔ اخباروں میں جو نفرت نظر آتی ہے وہ مجھے یہاں عوام میں نظر نہیں آتی۔ ’’جیو اور جینے دو‘‘ کے فارمولے پر عمل کیا جانا چاہئے۔ ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت اور سینئر مرکزی رہنما پرویزالٰہی محبت ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے عوام کو قریب آنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔ وہ یہاں دونوں رہنمائوں کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔  اوم پوری نے مزید کہا چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے ملنے والی محبت کو بھارت میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ بڑے لوگوں میں بھی بانٹوں گا۔  چودھری شجاعت اور پرویزالٰہی نے کہاکہ باہمی اختلافات پرامن طور پر ختم ہونے چاہئیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے کے لئے جو کام اوم پوری کر رہے ہیں یہ کام دونوں ملکوں کے سفارت خانوں کو کرنا چاہئے۔   اس موقع پر مواحد حسین سید نے کہاکہ ایل کے ایڈوانی نے بابری مسجد گرانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ چودھری شجاعت نے اس زیادتی کا جواب دینے کے لئے  ایل کے ایڈوانی سے کٹاس راج مندر کی ازسرنو تعمیر کا افتتاح کرایا جبکہ پرویز الٰہی نے بطور وزیراعلیٰ اس کام کے لئے کثیر رقم فراہم کی۔ علاوہ ازیں لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی اداکار اوم پوری نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کو دونوں ممالک سے ہجرت کر جانے والے لاکھوں افراد کو اپنے آبائی شہروں میں آنے جانے میں آسانی دینی چاہیے اور ایسے قوانین واضع کرنے چاہئیں جس سے بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے دونوں ملکوں کے شہری ایک دوسرے ملک میں آ جا سکیں۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری شہباز میاں، قمرالزمان بھٹی، محبوب چودھری اور بلال غوری نے معزز مہمان کو پریس کلب میں خوش آمدید کہا۔ اوم پوری نے میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان پہلے بھی آئے ہیں لیکن جو محبت، خلوص اور ذہانت انہوں نے لاہور میں دیکھی ہے وہ صرف انہیں کا خاصہ ہے، اکثر باہر کے ممالک کے لوگ لاہورکو ان کے کھانوں کے باعث یاد رکھتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوںکہ یہاں کی اصل خوشبو اور رنگ لاہوریوں کی محبت ہے جس کی وجہ سے ہر کوئی لاہورکا دیوانہ ہے۔ انہوں نے کہا اگر انہیں دنیا کے کسی بھی ملک میں بار بار سفر کرنے کا کہا جائے تو وہ پاکستان کے شہر لاہور میں باربار آنا پسند کریں گے۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بھی بات چیت کی اور  اوم پوری کو ان کی خدمات پر لاہور پریس کلب کی اعزازی لائف ممبر شپ دینے کا اعلان کیا۔ تقریب کے آخر میں گورننگ باڈی کی جانب سے معزز مہمان کو شیلڈ اور پھول پیش کئے گئے اور پاکستان کے مشہور گٹارسٹ سجاد طافو نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں این این آئی کے مطابق بھارتی اداکارہ دیویا دتہ لاہور میں چھ روزہ قیام کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہو گئیں۔ بھارتی اداکارہ دیویا دتہ نے لاہور میں قیام کے دوران الحمرا ہال میں بھارتی اداکار اوم پوری کے ہمراہ سٹیج ڈرامہ ’’ تیری امریتا ‘‘ پیش کیا جسے بیحد سراہا گیا۔ اس کے علاوہ بھارتی اداکارہ نے لاہور میں مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ ملبوسات کی خریداری بھی کی۔ واہگہ بارڈر کے راستے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دیویا دتہ نے کہا کہ پاکستان میں بہت پیار ملا اور بہت اچھا وقت گزرا ہے۔ بہت سی یادیں لے کر بھارت جارہی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن