• news

4 خودکشیاں: گوجرانوالہ میں کانسٹیبل سمیت 2 نوجوانوں نے زندگی ختم کرلی

گوجرانوالہ+ فیصل آباد+ جلالپور جٹاں+ کھرڑیانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) گوجرانوالہ، فیصل آباد، جلال پور جٹاں میں کانسٹیبل سمیت 4 نوجوانوں نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق  گوجرانوالہ میں نندی پور پٹرولنگ پوسٹ پر تعینات کانسٹیبل کاشف محمود نے سر میں گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔ پولیس ذرائع پٹرولنگ پوسٹ میں کانسٹیبل کی ہلاکت کو خودکشی قرار دے رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے خودکشی کیلئے اس نے مبینہ طور پرایک پرائیویٹ پستول کا استعمال کیا۔ مرنے والا ٹھکر کے وڑائچ کا بیان کیاگیاہے جو 2006ء میں کانسٹیبل بھرتی ہوا تھا۔ معلوم ہوا ہے گذشتہ دو برسوں سے وہ نندی پور پوسٹ پر تعینات تھا جبکہ ایک برس سے مسلسل اسے چھت پر محافظ کی ڈیوٹی  پر تعینات رکھا جا رہا تھا جس نے  کئی مرتبہ ڈیوٹی تبدیل کئے جانے کی استدعا کی لیکن اس کی شنوائی نہ ہوسکی تھی جس کے باعث وہ بے دلی سے ڈیوٹی نبھا رہا تھا۔ ادھر ساتھی اہلکاروں کا کہنا یہ بھی ہے اسکے اہل خانہ اسکا رشتہ مرضی کے خلاف طے کررہے تھے تاہم نعش ضروری کارووائی کیلئے ہسپتال پہنچا دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں قلعہ دیدار سنگھ کے پچیس سالہ نوجوان نے گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتگی پر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ عبدالسلام گھر میں ہونے والی تلخ کلامی کو برداشت نہ کرتے ہوئے زہریلی گولیاں نگل گیاتھا جسے طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ کھرڑیانوالہ فیصل آباد میں گھریلو جھگڑے پر 22 سالہ نوجوان نے خود کو گولی مار لی۔ تھانہ بلوچنی کے علاقہ چک نمبر 61 ر۔ب میں محمد ارشد کا 22 سالہ بیٹا وسیم جو فیکٹری میں کام کرتا تھا نے گھریلو جھگڑے پر خود کو گولی سے اڑا لیا۔ جلالپور جٹاں میں نوجوان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ کاں موہلہ کے آفتاب احمد نے زہریلی گولیاں کھا لیں اور حالت غیر ہونے پر اسے عزیز بھٹی شہید ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی سر توڑ کوشش کے باوجود جانبر نہ ہو سکا۔

ای پیپر-دی نیشن