تھر: گندم کے گودام پر تالے‘ ایڈیشنل سیشن جج کا چھاپہ‘ 6 ہزار بوریاں برآمد‘ بھوک سے ایک اور بچی دم توڑ گئی
مٹھی + لاہور(نامہ نگار + خبر نگار+ آئی این پی) تھر کے علاقے چھاچھرو میں غذائی قلت کے باعث ایک اور بچی دم توڑ گئی۔ متاثرین نے امدادی سامان نہ ملنے پر شدید احتجاج کیا۔ تھرپارکر میں امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں۔ دوسری جانب تحصیل ڈپلو، مٹھی، اسلام کوٹ، ڈاھلی اور نگرپارکر کے دور دراز علاقوں میں لوگ ابھی تک امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکاری راشن اور گندم مقامی وڈیرے اپنے ہی لوگوں میں بانٹ رہے ہیں۔ مٹھی کے گوداموں میں گندم ایک بار پھر ختم ہوگئی ہے۔ مٹھی کے سول ہسپتال میں 63بچے زیر علاج ہیں جبکہ لاتعداد بچے اب بھی حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ مٹھی کے گوداموں کو تالے لگا دئیے گئے ہیں۔ دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے بہت سے لوگوں تک اب بھی نہ خوراک پہنچی ہے اور نہ ہی ادویات۔ مصیبت کے مارے لوگ بے سروسامانی کے عالم میں نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ متاثرین کی دادرسی کا کام سست روی کا شکار ہوگیا۔ ہزاروں بوری گندم کی تقسیم کے دعوئوں کے باوجود لاکھوں متاثرین تاحال امداد کے منتظر ہیں۔ دریں اثناء ایڈیشنل سیشن جج نے مٹھی میں سرکاری گودام پر چھاپہ مار کر 6000بوریاں گندم بر آمد کر لیں، ڈیوٹی آفیسر نے گودام خالی ہونے کا بتایا تھا۔ اسسٹنٹ سیشن جج میاں فیاض ربانی نے مٹھی میں گندم کے سرکاری گودام پر چھاپہ مارا۔ تحقیقات پر پتہ چلا کہ ذخیرہ شدہ بوریوں کا ریکارڈ ہی موجود نہیں۔ دوسری طرف اسسٹنٹ سیشن جج نے پولیس کے ہمراہ مٹھی کے بحیرہ محلہ کے سرکاری سکول پر بھی چھاپہ مارا جس میں تالے لگا کر کثیر مقدار میں گندم ذخیرہ کی گئی ہے جج فیاض ربانی نے گندم کے ڈیلر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ضلع تھرپارکر کے بھوک اور افلاس زدہ خاندانوں کے لئے اعلان کردہ ایک ارب روپے کے فنڈز کے صاف شفاف استعمال کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے ایک ارب روپے کے یہ ترقیاتی فنڈز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے خرچ ہوں گے۔ ثناء نیوز کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے تھر کے متاثرین کیلئے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امدادی سامان کے 60 ٹرک سندھ پہنچ گئے جس میں 20 ہزار فوڈ ہیمپرز، ڈیڑھ لیٹر کی 40 ہزار منرل واٹر بوتلیں اور 75 ہزار کلوگرام چاول کے پیکٹ موجود ہیں جو تمام متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار تقسیم کیا جائے گا۔