بہاولنگر: ماں کو 3 بیٹیوں سمیت تیل چھڑک کر آگ لگا دی گئی‘ حالت تشویشناک
بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) بہاولنگر میں نامعلوم افراد نے ماں اور تین بیٹیوں کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ چاروں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بہاولنگر کے علاقے چک منصب علی میں محنت کش منظور علی کی بیوی رانی بیوی، تین بیٹیاں 7 سالہ فاطمہ، 15 سالہ شائستہ اور16 سالہ ثمینہ اپنے کمرے میں سوئی ہوئی تھیں کہ نامعلوم افراد نے ان پر پٹرول چھڑکا اور آگ لگا کر فرار ہوگئے۔ گھر کا سربراہ منظور دوسرے کمرے میں ہونے کے باعث معجزانہ طور پر بچ گیا۔ چیخ و پکار پر محلہ والوں نے ماں اور تینوں بیٹیوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر منتقل کیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔ واقعہ کے بعد پولیس نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گھنٹے کے بعد نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ایک قابل غور پہلو سامنے آیا ہے کہ چاروں متاثرہ خواتین کے ہاتھ پائوں اور چہرے جلے ہیں لیکن انکے کپڑوں کو آگ نہیں لگی جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ماں اور 3 بیٹیوں کو جلانے کے واقعہ میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈی پی او اطہر اسماعیل کے مطابق ملزمان نے رشتے کے تنازع پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگائی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں اسلم داد لالیکا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کو نشتر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔