• news

جماعتہ الدعوۃ کے زیراہتمام لاہور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں نظریہ پاکستان کانفرنس

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کی طرف سے احیائے نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں گزشتہ روز لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، چکوال، مانسہرہ ،قصور، جھنگ،وہاڑی، ملتان، لودھراں،چنیوٹ، اوکاڑہ،کراچی،جہلم،گوجرانوالہ  سمیت دیگر شہروں میں نظریہ پاکستان کانفرنسوں، جلسوں وسیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن میں تمام مکاتب فکر و شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تحریک حرمت رسولؐ کے کنوینر اور جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے فیصل آباد میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیادوں پر بننے والا نظریاتی ملک ہے، دشمن عناصر اس کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں۔ نئی نسل کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان کھرچنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان اسی نظریے کی بنیاد پر قائم کیا گیا جس نظریے کے تحت مدینہ کی اسلامی ریاست قائم کی گئی تھی۔ جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے جامع مسجد باغبانپورہ لاہور میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے مولانا بشیر احمد خاکی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر بنائے گئے وطن عزیز کو سیکولر بنانے کی تمامتر سازشیں ناکام ہوں گی۔ جماعۃ الدعوۃ کے تحت 23 مارچ کو مینار پاکستان تا مسجد شہداء تک ہونے والا ’’نظریہ پاکستان مارچ‘‘ اس بات کا اظہار کرے گا کہ مسلمان عقیدہ توحید کی بنیاد پر ایک علیحدہ قوم ہے۔ جماعۃ الدعوۃ چکوال کے زیراہتمام ملتان خورد مرکز اقصیٰ میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا رانا شمشاد سلفی، جماعۃ الدعوۃ چکوال کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ نثار و دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا رانا شمشاد سلفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان نظریاتی ملک ہے، دشمن عناصر اس کی جڑوں کو کھوکلا کرنا چاہتے ہیں۔ نئی نسل نے ہجرت کی صعوبتیں برداشت نہیں کیں، اس لیے نظریہ پاکستان کو فراموش کیا جا رہا ہے۔ فیصل آباد میں مرکزخیبر نشاط آباد میں اساتذہ کی ایک نشست سے جماعۃالدعوۃ شعبہ اساتذہ کے ناظم حافظ طلحہ سعید اور سیالکوٹ میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا ظفر اقبال، مولانا خالد سیف الاسلام، حافظ اکرم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی نظریاتی اساس کو منہدم کرنے کی تمام کوششیں ناکام بنائیں گے۔ بھارت ہمارا خیرخواہ نہیں ہوسکتا، وہ ہمیشہ پاکستان کو نقصان سے دوچار کرنے کے منصوبے ترتیب دیتا ہے۔ مانسہرہ میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنمائوں مولانا طاہر طیب بھٹوی،مولانا عمر ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلمہ طیبہ کی بنیادوں پر حاصل کئے گئے ملک کو نظریاتی و فکری طور پرنقصان پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بھارتی فلموں اور ڈراموں کے ذریعہ نوجوان نسل میں ہندو ازم پھیلایا جا رہا ہے۔  قرآن و سنت پر عمل کئے بغیرگمراہیوں کے یہ سلسلے ختم نہیں ہوں گے۔ جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنمائوں حافظ مسعود، انجینئر نوید قمر نے قصور میں احیائے نظریہ پاکستان سیمینار سے خطاب میں کہا پاکستان میں سیکولرازم کو فروغ دینے کیلئے باقاعدہ تحریک شروع کی گئی ہے۔ پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ یہ ملک لاالہ الااللہ کی بنیاد پر لاکھوں مسلمانوں کی قربانیاں دیکرحاصل کیا گیا تھا مگر افسوس کہ آج اسی نظریاتی ملک میں ہندوئوانہ رسوم ورواج پروان چڑھایا جارہا ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک بات اور پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ شرقپور، جھنگ، چنیوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، راولپنڈی ودیگر شہروں میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنمائوں مولانا یوسف ربانی، مولانا سیف اللہ اعظم، مولانا عبدالعزیز المدنی، مولانا احمد سعید ملتانی، مولانا ادریس فاروقی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا دشمنان اسلام کی خوفناک سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعۃ الدعوۃ کے زیر انتظام پورے ملک کے کونے کونے میں احیائے نظریہ پاکستان مہم چلا ئی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن