ملالہ نے سوانح عمری میں محمدؐ کا نام مکمل نہ لکھنے پر معافی مانگ لی
برمنگھم (اے این این) سوات میں طالبان کے ہاتھوں زخمی ہونے والی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے اپنی سوانح عمری میں پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ کا نامکمل نام لکھنے پر معافی مانگ لی۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں ملالہ یوسفزئی نے حضورؐ کا نامکمل نام لکھنے پر امت مسلمہ سے معافی مانگتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنی کتاب کی پاکستان میں تقریب رونمائی نہ ہونے پر کوئی پریشانی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ بعض لوگ دہشت گردی کو اپنے ایجنڈے کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کا دہشت گردی کے نشانے پر ہونا افسوسناک ہے۔ ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ طالبان اپنی کارروائیوں میں بے گناہ لوگوں کی ہلاکت پر معافی مانگیں اور اپنا پیغام لوگوں تک پہنچانے کے لئے جمہوری راستہ اختیار کریں۔ ملالہ یوسفزئی نے یقین دلایا کہ وہ جلد پاکستان واپس لوٹیں گی۔