• news

تحریک انصاف کا طالبان سے مذاکرات کامیاب بنانے کیلئے حکومت کیساتھ تعاون پر اتفاق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘  آن لائن‘ آئی این پی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں عوامی جمہوری اتحاد کے شہرام ترکئی  کو خیبر پی کے کا سینئر وزیر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اجلاس میں کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس یہاں بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں کارکردگی کی بنیاد پر صوبائی کابینہ کے قلمدانوں میں ردوبدل اور نئے وزراء کی تقرری سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سے بھی وزارت کا قلمدان واپس لیکر ان کی جگہ اکبر ایوب کو وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شوکت یوسفزئی پر بھی خراب کارکردگی اور کرپشن کے الزامات سامنے آئے تھے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق  تحریک انصاف کی  کور کمیٹی  نے موجودہ عائلی قوانین کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کور کمیٹی  کا کہنا ہے کہ عائلی قوانین اسلام کے مطابق ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کور کمیٹی نے زنا بالجبر کے مقدمات میں ڈی این اے کی شہادت قبول کرنے کی بھی حمایت کی۔  آن  لائن کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف کے ’’صحت کا  انصاف‘‘ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس پروگرام کے خلاف گردش کرنے والی خبروں کی مکمل تردید کرتے ہوئے بتایا گیا اس پروگرام کی  شفافیت اور دور رس نتائج کی عالمی سطح پر تحسین کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے ممبران کمیٹی کو بتایا  کہ نوازشریف ان   سے ان کی ذاتی خواہش پر ملنے کیلئے آئے تھے جبکہ حکومت کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کیلئے نئی مذاکراتی کمیٹی بنانے کے بارے میں بھی تحریک انصاف سے مشاورت کی گئی تھی۔ اجلاس کے دوران طالبان کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے حوالے سے حکومت کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اے پی اے کے مطابق  عمران  خان نے  وزیراعظم سے ملاقات پر کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا حکومت اور طالبان کے مذاکرات سے بہتر نتائج کی امید ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی قیادت کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن