وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کے بارے میں آج اہم اجلاس ہوگا آرمی چیف اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوں گے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف کی صدارت میں آج سکیورٹی امور کے بارے میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس ہوگا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور بری فوج کے سربراہ شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو دہشت گردی کے خلاف وفاقی حکومت کی حکمت عملی، طالبان سے مذاکرات کی صورتحال، امن و امان کے بارے میں وفاقی انٹیلی جنس اداروں کے تجزیہ کے بارے میں بتایا جائیگا۔ اجلاس میں کراچی کی صورتحال پر مشاورت ہوگی۔ صوبوں کے بعض اہم امور کے بارے میں اعتماد میں لیا جائیگا۔ اہم ایشوز کے بارے میں صوبوں کے منتظمین اعلیٰ کی آراء حاصل کی جائیں گی اور اہم فیصلے ہونے کی توقع ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈی جی آئی، ایس آئی اور وزیر داخلہ سلامتی کے امور پر اعتماد میں لیں گے۔ نیکٹا اور کوئیک رسپانس فورس کے امور پر صوبوں سے مشاورت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی قیادت کو بھارت سے آزاد تجارت پر عسکری قیادت کی غیر رسمی حمایت حاصل ہوگی۔ ایک اہم تھنک ٹینک نے بھارت سے تجارت کو ملکی سلامتی کیلئے مثبت قرار دیا ہے۔ بھارت سے ایم ایف این درجہ دینے کی بجائے غیر مساوی تجارتی معاہدہ کیا جائے گا۔ غیر امتیازی اور مساوی تجارتی معاہدے کے نکات ایم ایف این درجے والے ہیں۔ بھارت سے آزاد تجارت کے معاہدے سے متعلق وزیراعظم عسکری قیادت کو آگاہ کریں گے۔