• news

جنگی جنون‘ بھارت نے 5 سال میں پاکستان‘ چین سے 3 گنا زیادہ اسلحہ خریدا

سٹاک ہوم (نیوز ایجنسیاں) بھارت کے جنگی جنون اور توسیع پسندانہ عزائم نے اسے ہتھیار خریدنے والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر پہنچا دیا ، دنیا بھر سے خریدے گئے ہتھیاروں  کی کْل تعداد میں چودہ فیصد حصہ بھارت کا ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے  نمبر پر چین اور پاکستان  ہیں جن کا 5,5 فیصد حصہ ہے۔ بھارت نے پچھلے 5 سالوں میں پاکستان اور چین کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ اسلحہ خریدا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی تھنک ٹینک سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں کی درآمد میں بھارت پہلے نمبر پر آ گیا ہے جبکہ اس کی درآمدات دوسرے اور تیسرے نمبر کے ممالک یعنی چین اور پاکستان سے تین گنا زیادہ ہیں۔ اپنی تازہ رپورٹ میں سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے کہا ہے کہ 08-2004 کے درمیان بھارت دوسرے نمبر پر تھا جبکہ پہلے نمبر پر چین تھا۔ تاہم 13-2009 کے درمیان بھارت ہتھیاروں کی درآمد میں پہلے نمبر پر چلا گیا ہے۔ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق 13-2009 کے دوران بھارت نے 75 فیصد ہتھیار روس، سات فیصد امریکہ اور چھ فیصد ہتھیار اسرائیل سے خریدے ہیں۔ دوسری جانب چین جو 08-2004 کے دوران ہتھیاروں کی درآمدات میں پہلے نمبر پر تھا  13-2009 کے دوران دوسرے نمبر رہا ہے۔ اس عرصے کے دوران چین نے 64 فیصد ہتھیار روس، فرانس سے 15 فیصد جبکہ یوکرائن سے گیارہ فیصد ہتھیار خریدے ہیں۔ ہتھیاروں کی خرید میں 08-2004 میں پاکستان کا حصہ محض دو فیصد تھا جو 13-2009 میں بڑھ کر پانچ فیصد ہو گیا ہے اور اسی کے ساتھ پاکستان سب سے زیادہ ہتھیار خریدنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق 08-2004 اور 13-2009 کے درمیان بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی درآمد میں 111 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران پاکستان کی جانب سے ہتھیاروں کی درآمد میں 119 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 13-2009 کے دوران پاکستان اور بھارت دونوں نے فضائی کارروائی کو بہتر بنانے پر سرمایہ لگایا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت نے اس دوران 144 روسی T50 اور 126 فرانسیسی رافیل جنگی طیارے بھی منتخب کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہتھیاروں کی فروحت میں امریکہ اس بار بھی پہلے نمبر پر جبکہ روس دوسرے نمبر پر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن