بحرین کے فرمانروا شیخ حمد بن عیسیٰ آج پاکستان آئیں گے
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ/سٹاف رپورٹر) بحرین کے فرمانروا شیخ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر آج یہاں پہنچ رہے ہیں۔گزشتہ چار دہائیوں کے دوران بحرین کے کسی بھی فرمانروا کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق 18 سے 20 مارچ تک جاری رہنے والے اس دورہ کیلئے وزرائ، اعلیٰ حکام اور تاجروں پر مشتمل ایک بڑا وفد بھی ان کے ساتھ اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ پاکستان میں قیام کے دوران شیخ حمد بن عیسی صدر مملکت اور وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال پر مذاکرات کریں گے۔ شیخ حمد بن عیسیٰ کے دورہ پاکستان سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تمام شعبوں، بالخصوص تجارت و معیشت میں تعاون بڑھانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم منگل کی رات بحرین کے فرمانروا اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ عشائیہ میں پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور دوسری شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔