3 خودکشیاں، گوجرانوالہ میں والدین کی سرزنش سے دلبرداشتہ نوجوان نے زندگی ختم کرلی
گوجرانوالہ + چک جھمرہ + پسرور (نامہ نگاران) والدین کی سرزنش سے دلبرداشتہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ کوٹلی پیر احمد شاہ کاکے 18 سالہ حیدر کی اس کے والدین نے بات نہ مانی اور ڈانٹ دیا جس پر اس نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ چک جھمرہ میں والدہ کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہوکر 24 سالہ نوجوان مظہر حسین ٹرین کے آگے کود گیا۔ پسرور میں کبوتر بازی سے منع کرنے پر 24 سالہ نوجوان نے دلبرداشتہ ہو کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ گائوں جوئیاں کے نوجوان حیدر علی نے گھر کی چھت پر کبوتر پال رکھے تھے۔ اس کی غیر موجودگی میں گھر والوں نے اس کے تمام کبوتر فروخت کر دیئے جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا لیکر برگد کے درخت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔پولیس تھانہ سبز پیر نے پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی ہے۔