• news

افغانستان سے نیٹو‘ امریکی افواج کے انخلاء میں غیر جانبدار رہنے کی پالیسی پر گامزن ہیں : نثار

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے پاکستان علاقائی معاملات اورافغانستان سے نیٹو اور امریکی افواج کے انخلاء میں غیر جانبدار رہنے کی پالیسی پر گامزن ہے ،پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ان میں شفافیت لاناہوگی، وہ امریکی نائب سفیر تھامس ولیمز سے ملاقات میں با ت چیت کررہے تھے ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ امریکی نائب سفیر نے پاکستان کی نئی داخلی سلامتی پالیس پر اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ پالیسی پاکستان کو درپیش دہشتگردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو گی۔ وزیر داخلہ نے کہا تمام شعبوں میں پاکستان امریکہ کیساتھ اچھے تعلقات رکھتا ہے اور آنیوالے برسوں میں انہیں مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے دو طرفہ تعلقات میں مزید شفافیت لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ وزیر داخلہ نے کہا وزیر اعظم کی قیادت میںمسلم لیگ (ن) کی حکومت خطے کے اموراور بالخصوص افغانستان سے بین الاقوامی اافواج کے انخلا میں غیر جانبدار رہنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا امریکہ کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ علاقائی امور میں غیر جانبدار پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے۔ قائم مقام سفیر نے کہا داخلی سلامتی پالیسی دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے مددگار ثابت ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن