فوج کی شرکت سے مذاکرات کے بہتر نتائج نکل سکتے ہیں: اسلم بیگ
لاہور (نیوز ڈیسک) سابق چیف آرمی سٹاف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ خون خرابہ اور پھر اپنے لوگوں کا خون بہانا مسئلے کا حل نہیں لیکن پاکستان دشمن قوتوں کا مفاد اس میں ہے کہ یہاں کشت وخون کا سلسلہ کسی نہ کسی طرح جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفت روزہ ’’تکبیر‘‘ کو ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا ہماری فوج کو بھی اس کو اپنی انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے، فوج کی مذاکرات میں شرکت سے بہتر نتائج نکل سکتے ہیں۔ امن ہماری ضرورت ہے اور اگر اپنا یا دوسروں کا نقصان کئے بغیر امن آ جائے تو اس سے انکار نہیں کرنا چاہئے۔ امن ان لوگوں خاص طور پر محسود قبائل کی ضرورت ہے۔ اس قبیلے کے لوگ اب خون خرابے سے تنگ آ چکے ہیں۔ پاک فوج نے بلاشبہ قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں لیکن اب لشکر کشی مسائل کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا دس سال کا مسئلہ دنوں میں حل نہیں ہو سکتا اب سنبھل کر فیصلے کرنے کا وقت ہے۔