• news

ترک وزیراعظم کو تحفتاً دیئے گئے گھوڑے کو استنبول پہنچانے پر 30 لاکھ خرچ ہونگے

لاہور(چودھری اشرف) ترکی کے وزیر اعظم کو تحفے میں دیئے گئے گھوڑے کو استنبول پہنچانے کے سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کی لاٹری نکل آئی ہے۔ 8 لاکھ روپے مالیت کے کھوڑے کو ترکی پہنچانے پر 30 لاکھ اخراجات آئیں گے جبکہ محکمہ لائیو سٹاک کے افسران ایک ہفتے تک ترکی کا سیر سپاٹا بھی کرینگے۔ ذرائع کے مطابق گھوڑے کو ترکی پہنچانے کے لیے سی130 طیارے کا بندوبست کیا جا رہا ہے جبکہ ماضی میں بھجوایا جانے والے گھوڑے کو ترکش ائر پورٹ پر ہی ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ گھوڑے کی دیکھ بھال درجہ چہارم کے ملازمین کرتے ہیں جب کسی کو بیرون ملک بھجوائے جانے کا موقع آتا ہے تو گریڈ 17 اور 18 کے افسران گھوڑے کی باگ تھام لیتے ہیں جو عام حالات میں ایسا کرنے میں اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ ترکی جانے والے افسران میں ڈپٹی سیکریڑی ایڈمن عامر علی چشتی، ڈپٹی ڈائریکٹر رمضان علی اور ویٹرنری افسر محمد الیاس شامل ہیں۔ محکمہ لائیوسٹاک نے سرگودھا کے آرمی فارم مونا ڈپو سے عربی نسل کا گھوڑا 8لاکھ روپے میں خریدا۔ ذرائع نے بتایاکہ اس قبل بھی گزشتہ سال وزیراعلیٰ پنجاب نے ترکش وزیراعظم کو ایک گھوڑا تحفے میں دیا تھا جس کی مالیت 7لاکھ روپے تھی یہ گھوڑا بھی اسی فارم ہائوس سے خریدا گیا تھا جب اس گھوڑے کو ترکی پہنچایا گیا تو وہاں کے حکام نے گھوڑے کا ٹیسٹ کیا جس میں مہلک بیماری پائی جانے کی وجہ سے ائرپورٹ پر ہی ہلاک کر دیا۔ محکمے کی جانب سے گھوڑے کے تمام ترٹیسٹ روانگی سے 3 ماہ قبل کئے گئے تھے بعد ازاں نامناسب دیکھ بھال اور لاپرواہی کی بنا پر گھوڑے میں مہلک بیماری نے جنم لے لیا تھا۔ واضح رہے کہ ممحکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے گھوڑے کو تین ماہ تک فارم میں رکھنے کے کرایہ سمیت دیکھ بھال کا معاوضہ 10لاکھ روپے ادا کیا گیا۔ ایک مرتبہ پھر گھوڑے کو ترکی بھجوایا جا رہا ہے تاہم محکمہ کی جانب سے گھوڑے کے میڈیکل ٹیسٹ مکمل نہیں ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن