چین پاکستان میں 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہے: وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کو تمام تر ضروری تحفظ فراہم کریگا۔ بین الاقوامی کمپنیاں بہترین منافع جات کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے یہ بات سٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنہ کے صدر جیا ژائی چیانگ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری پاکستان کی تقویت دیگی اور چین آئندہ تین سے پانچ برسوں میں مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں میں 35 ارب ڈالر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو پُرکشش منافع حاصل ہوگا کیونکہ پاکستان کا کاروباری دوست ماحول وسیع تر مواقع پیش کرتا ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو خودمختار ضمانتیں فراہم کریگی تاکہ ان کی سرمایہ کاری کو تحفظ حاصل ہو۔ جیا ژائی چیانگ نے کہا کہ ان کی کمپنی چین میں تقریباً 70 فیصد پاور ٹرانسمیشن لائنز کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے۔ بہترین کنٹرول نظام، جدید ٹیکنالوجی اور مناسب انتظامات کی بدولت چین کے ٹرانسمیشن سسٹم میں صرف 6 فیصد لائن لاسز ہیں۔ سٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنہ نے توانائی کے شعبہ کے منصوبوں بالخصوص پاور ٹرانسمیشن لائنز میں دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے ملک میں معیشت کو فروغ ملے گا۔ بیرونی سرمایہ کو ضروری تحفظ فراہم کریں گے۔ بہترین منافع کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ دریں اثنا وزیراعظم ڈاکٹر نوازشریف نے ہزارہ میں ڈرائی پورٹ کے قیام اور ایکسپریس وے کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے بتایا کہ ماضی کی دونوں حکومتوں نے زلزلہ زدگان کیلئے آنے والے فنڈز یا تو دوسرے منصوبوں پر خرچ کر دیئے یا پھر ضائع کر دیئے۔ وزیراعظم نے ایرا کو ہزارہ میں تمام تعلیمی پراجیکٹ مکمل کرنے کیلئے بھی فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی ہے۔