حکومتی مذاکراتی کمیٹی کیخلاف درخواست درخواستگزار کو نوٹیفکیشن پیش کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (ثناء نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے طالبان سے مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کی تشکیل کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن پندرہ روز کے اندر عدالت پیش کرے جس کے بعد مقدمہ کی مزید سماعت کی جائے گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس نورالحق قریشی نے شاہد اورکزئی کی جانب سے حکومتی ٹیم کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ شاہد اورکزئی نے موقف اختیار کیا کہ حکومتی ٹیم میں شامل افراد عوام کے منتخب نمائندے نہیں اس لئے وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کے مجاز نہیں۔ جسٹس نورالحق قریشی نے دوران سماعت شاہد اورکزئی سے استفسار کیا کہ انہوں نے کمیٹی کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ نہیں لگایا جس کا شاہد اورکزئی کوئی جواب نہ دے سکے تو عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ پندہ روز میں کمیٹی کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن پیش کیا جائے۔ عدالت نے سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔