حکمران خونریزی بند کرانے کیلئے مذاکراتی عمل سبوتاژ نہ ہونے دیں: بیگم نسیم ولی
پشاور (این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی(ولی)کی سربراہ بیگم نسیم ولی خان نے کہا ہے اگرسیاستدان ذاتی لالچ اور بندربانٹ سے ہٹ کر ملک و قوم کی بے لوث خدمت کریں تو پھر ہمارے پارٹی سمیت ہرکوئی انکاساتھ دینے میں فخرمحسوس کریگا۔ حکمران خیبر پی کے میںجاری خونریزی بندکرانے کیلئے مذکراتی عمل کوسبوتاژ نہ ہونے دیں کیونکہ بندوق اٹھانے اور آپریشن کرنے سے محبتیںنہیں‘ نفرتیںجنم لیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پشاور پریس کلب میںمنعقدہ ایک شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق صوبائی وزیر و مرکزی سیکرٹری جنرل فریدطوفان اور پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی اور صوبائی عہدیداران بھی موجود تھے۔ فریدطوفان نے کہاکہ اسفندیار ولی خان استعفیٰ دیکر پارٹی سے نکل جائیںتو اے این پی کے اصل وارثوںکا جھگڑا ختم ہوجائے گا کیونکہ اے این پی باچاخان اورعبدالولی خان عدم تشددکے نظریہ پر مبنی پارٹی ہے۔ اس نظریہ کو اسفند یار ولی خان نے بُری طرح مسخ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے آج ہمارے پارٹی سمیت باچاخان کے سپاہی اے این پی ولی میںجوق درجوق شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے قائدین نے40سال پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ افغانستان میں جو جنگ ہورہی ہے‘ یہ دو بڑی طاقتوںکے مفادات کیلئے ہورہی ہے جس کی وجہ سے ہمارے ملک اورخاص طورپر صوبہ پر منفی اثرات مرتب ہوںگے۔