کشمیری قوم اور سیاسی جماعتیں حق خودارایت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہیں: ترابی
دبئی / ابوظہبی(ثناء نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہیں،مسئلہ کشمیر کا واحد اور دیر پا حل کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرنے میں ہی مضمر ہے،پاکستان میں نو منتخب پارلیمنٹ نے بھی اپنے قومی موقف کا احیا کیا اور جنرل مشرف کی غلط پالیسیوں کے ازالے کا احساس بھی ہو گیا، پوری امت اور خلیجی ممالک بھارت کی طرف سے کشمیر کو اٹوٹ انگ کی رٹ مسترد کرتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری کمیونٹی کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ عرب امارات نے آزمائش کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا بالخصوص زلزلے کے بعد بحالی کے کام میں بھرپور کردار ادا کیا اورآج تک بھی بحالی کے پروگرام جاری ہیں۔ کشمیری کمیونٹی کی ذمہ داری ہے کہ یہاں ہندوستان سے بھی بڑی تعداد میں لوگ مقیم ہیں ان کو بھی کشمیر کے حقائق سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اپنی حکومت پر دبائو بڑھائیں ۔تارکین وطن بیس کیمپ کے حقیقی کردار کو بحال کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں جب تک بیس کیمپ میں عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم نہیں ہو گا اس وقت تک تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانا ممکن نہیں۔