اسحاق ڈار، پرویز رشید کی فضل الرحمن سے ملاقات، وزارتوں کا تنازعہ حل ہوگیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) وفاقی حکومت اور اسکی اتحادی جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) کے درمیان وزارتوں کے قلمدان الاٹ کرنے کا تنازعہ حل ہو گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے جمعیت علماء اسلام (ف) کی خواہش کے مطابق وزراء اکرم خان درانی اور مولانا عبدالغفور حیدری کو قلمدان دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ چند روز میں دونوں وزراء کو محکمے الاٹ کر دیئے جائیں گے۔ منگل کو اسلام آباد میں حکومتی اتحادی جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے ملاقات کی جس میں دونوں اطراف نے ایک دوسرے سے ’’شکوے شکایات‘‘ کیں۔ فضل الرحمن نے اتحادی جماعت ہونے کی حیثیت سے اہم ایشوز پر جمعیت علماء اسلام کو نظرانداز کرنے پر حکومتی وزراء سے احتجاج کیا اور کہا کہ طالبان سے مذاکرات ہوں یا کوئی اور اہم مسئلہ جے یو آئی (ف) کو یکسر نظرانداز کیا جاتا ہے۔ وفاقی وزراء نے فضل الرحمن کو یقین دہانی کرائی کہ قانون سازی، حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات اور دیگر امور پر اعتماد میں لیا جائیگا۔ فضل الرحمن کی شکایات دور کرنے کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو آگاہ کیا جائیگا۔ اتحادی جماعت کو جلد قلمدان سپرد کر دیئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے بتایا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے وزراء کو قلمدان سنبھالنے کا جلد نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائیگا۔ ملاقات میں وفاقی وزراء اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ امن کا راستہ بات چیت کے ذریعے ہی تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن نے تمام قومی امور پر تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ذرائع کے مطابق فضل الرحمن نے ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہ باور کرایا کہ انہوں نے مشکل حالات میں حکومت کا اتحادی بننے کا فیصلہ کیا لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ وزیراعظم ملاقات سے گریز کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) جے یو آئی کی رفاقت سے کوئی پریشانی ہے تو ان کے وزراء استعفے دے دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں فضل الرحمن نے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کی۔ ملاقات کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے صحافیوں سے مختصر بات چیت میں بتایا کہ ہماری فضل الرحمن سے حکومتی اتحاد اور دیگر معاملات پر تفصیلی بات ہوئی ہے، جے یو آئی کے دونوں وزراء کے قلمدانوں کا جلد اعلان کر دیا جائیگا۔ مولانا فضل الرحمن نے تمام قومی امور پر ہمیں اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔