آئین میں ترمیم کر کے خواتین کیلئے الگ قومی و صوبائی اسمبلیاں قائم کی جائیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پی کے حکومت کے سینئر صوبائی وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلیوں سے خواتین کے مسائل اور حقوق کیلئے موثر قانون سازی نہیں ہو سکی، خواتین کے مسائل کا حل یہ ہے کہ آئین میں ترمیم کر کے قومی و صوبائی سطح پر خواتین کی علیحدہ اسمبلیاں قائم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خواتین کی آبادی 51 فیصد سے زائد ہے لیکن وہ پھر بھی جمہوری معاشرے میں قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اقلیت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں میں مرد ارکان کی آواز تو سنی جاتی ہے جبکہ خواتین کی آواز دبا دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا علیحدہ اسمبلیوں کو قائم کر کے ہم خواتین کے حقوق کے حوالے سے مغرب کے پروپیگنڈے کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء سینئر صوبائی وزیر خیبر پی کے سراج الحق نے او لیول امتحان میں دنیا بھر میں اول پوزیشن اور کیمبرج یونیورسٹی کا 8 سو سالہ ریکارڈ توڑنے والے ہونہار طالب علم حارث منظور کو خیبر پی کے حکومت کی طرف سے صوبے کے دورے کی دعوت دی۔