• news

چین گڈانی میں 2640 میگاواٹ کے 4 پاور پلانٹ لگائے گا

اسلام آباد (ثناء نیوز) چین آئندہ تین سے چار سالوں میں پاکستان میں کوئلے سے  2640 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے لیے گڈانی میں چار پاور پلانٹ لگائے گا جن پر چار سے  پانچ ارب کی سرمایہ کاری ہو گی، اسلام آباد میں پاکستان اور چین نے معاہدوں پر دستخط کر دیئے ہیں۔ گڈانی میں کوئلے سے بجلی پیداوار کیلئے چینی کمپنی ’’غضوبا‘‘ اور وزارت پانی و بجلی کے ذیلی ادارے پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کے درمیان معاہدوں پر دستخط کئے گئے تقریب میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ چین کی طرف سے کی جانے والی یہ سرمایہ کاری پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے میں مددگار ہو گی انہوں نے کہا کہ کوئلے پر چلنے والے پہلے معاہدے پر جنوری میں چین میں دستخط ہوئے جو ایک پاور پلانٹ کا تھا اب ہم نے غضوبا کے ساتھ 3 معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ان منصوبوں کے لیے چینی کمپنی پاکستان میں چار سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غضوبا کمپنی نیلم جہلم پراجیکٹ میں ایک بڑا کنٹریکٹر ہے جبکہ 840 میگاواٹ کے سکی کناری میں بھی اس کی سرمایہ کاری ہے جوکہ آئندہ چار سال میں مکمل ہوگا اور عنقریب وزیراعظم اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر مزید کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں بجلی کا بحران ختم ہوجائیگا اور عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ چار منصوبوں میں سے ہر منصوبہ 660 میگاواٹ کا ہے۔ ایک منصوبے پر جنوری میں چین میں دستخط ہوئے تھے جبکہ گذشتہ روز تین مزید منصوبوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن