• news

لاہور میں 70لاکھ کے ڈاکے، چوریاں، مریدکے: ساتھی کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

لاہور+ مریدکے+ فیروزوالا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت میں ڈکیتی و چوری کی متعدد وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیاگیا۔ ڈاکوئوں نے ستوکتلہ میں ناظم رشید کے گھر سے 10لاکھ روپے، شادباغ میں ظہور احمد کے گھر سے 8لاکھ، لوئرمال میں امجد حنیف کے گھر سے 7لاکھ، مصطفی ٹائون میں غضنفر اعوان کے گھر سے 7لاکھ، شاہدرہ میں مہرالدین کے گھر سے 6لاکھ، غازی آباد میں شمشاد احمد کے گھر سے6لاکھ، فیکٹری ایریا میں دائود خان کے گھر سے5لاکھ، نواں کوٹ میں ناصر کے گھر سے5لاکھ،گوالمنڈی میں آصف کے گھر سے3 لاکھ روپے،زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے جوہر ٹائون میں بابر کی فیملی سے5لاکھ روپے، جنوبی چھائونی میں نعیم حسنات کی فیملی سے3لاکھ، مسلم ٹائون میں جمال خان کی فیملی سے2 لاکھ روپے، زیورات اورموبائل فون، شادمان میں نعمان سے50 ہزارروپے اور موبائل فون، مصری شاہ میں نذیر سے40 ہزار روپے اور موبائل فون، ساندہ میں ادریس سے25ہزار روپے اور موبائل فون، نصیر آباد میں فیصل سے20ہزارروپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ غازی آباد کے علاقہ میں گھریلو ملازمہ نے گھر کی مالکن کو نشہ آور اشیاء کھلا کر بیہوش کرکے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ چوروں نے نواب ٹائون سے  شاکر،ماڈل ٹائون سے اشفاق، غازی آباد سے ساجد کی کاریں جبکہ قلعہ گجر سنگھ سے سفیان، گلشن راوی سے مشتاق، داتا دربار سے شاہد ، یکی گیٹ سے خالدکی موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔ مریدکے کے نامہ نگار کے مطابق مریدکے کے علاقہ قلعہ ستار شاہ پھاٹک پر گذشتہ رات ایک بجے 3ڈاکوئوں نے ایک دیہاتی سے ہنڈا 125موٹر سائیکل چھین لی جبکہ ڈاکو پھاٹک بند کرکے لوٹ مار میں مصروف تھے۔ اس دوران سیاسی رہنما رانا پرویز آف پنڈی داس کا وہاں سے گزر ہوا جنہیں دیکھتے ہی ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس سے رانا پرویز اور ان کا باڈی گارڈ اللہ دتہ شدید زخمی ہو گئے، دیہاتیوں کو اطلاع ملنے پر ڈاکوئوں سے مقابلہ شروع ہو گیا دو گھنٹے کے مقابلہ میں ایک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا۔ جس کے قبضہ سے ایک بندوق اور 35گولیاں برآمد ہوئیں ہیں 2ڈاکو فرار ہو گئے جبکہ شدید زخمیوں کو میوہسپتال پہنچا دیا  گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی ہے ابھی تک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی۔

ای پیپر-دی نیشن