مختلف واقعات میں 14 سالہ بچی سمیت 3 خواتین زیادتی کا شکار
فیصل آباد+ تاندلیانوالہ + کسووال(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) سلیمانیہ کالونی میں دو جواں سالہ لڑکیوں کو گھر سے اغوا کر کے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ سلیمانیہ کالونی کے رہائشی محمد امین کی 18سالہ بیٹی(الف) کو ملزمان فرزند وغیرہ 5افراد زبردستی بازار جاتے ہوئے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا جبکہ تھانہ گڑھ کے علاقہ کلیانوالہ کی رہائشی(ش) کو ملزمان اعجاز وغیرہ نے زبردستی اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔ تاندلیانوالہ کے موضع کلیانوالہ میں دو افراد نے ایک عورت کو زبردستی اغوا کرنے کے بعد اسے اپنی ہو س کا نشانہ بنایا۔ (ش) بی بی اپنے گھر میں موجود تھی اس دوران اعجاز اور اسکا ساتھی آئے اور زبردستی اسے اغوا کرنے کے بعد اسے اپنی ہوس کا نشانہ بناتے رہے۔ کسووال میں 14 سالہ بچی سے اوباش نوجوان آصف نے زیادتی کی۔ بچی کے باپ غلام رسول نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے انصاف کی اپیل کی ہے۔