کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قوم کو متحد، فکری انتشار ختم کیا جا سکتا ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قوم کو متحد کرکے ہی معاشرے سے فکری انتشار ختم کیا جا سکتا ہے، احیائے نظریہ پاکستان مہم کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں‘ فرقہ واریت، لسانیت اور قومیتوں کے جھگڑے ختم کرنے کیلئے قیام پاکستان والے جذبے پیدا کرنے کی ضرورت ہے، بیرونی قوتیں نوجوان نسل کے دل و دماغ سے نظریہ پاکستان کو کھرچنے کی کوششیں کر رہی ہیں، 23مارچ کو لاہور سمیت پورے ملک میں نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کریں گے۔ ملک بھر کی مذہبی، سیاسی و کشمیری قیادت کو ان پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں احیائے نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں اخبارات کے مدیران اورسینئر کالم نگاروں کے ساتھ ایک مشاورتی مجلس کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، قاری محمد یعقوب شیخ، محمد یحییٰ مجاہد اور حافظ خالد ولید بھی موجود تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہا ملک کو اس وقت اتحاد کی بہت زیادہ ضرور ت ہے۔ احیائے نظریہ پاکستان مہم کو ایک باقاعدہ تحریک کی شکل دیکر قوم میں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ملک پاکستان ایک مشن اور ایک نظریہ کے تحت حاصل کیا گیا تھا جس پر عمل پیرا نہ ہونے سے ملک میں فکری انتشار بڑھا اور ملک مسائل سے دوچار ہوا۔ یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والے نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں اور کانفرنسوں میں ملک بھر کی مذہبی، سیاسی وکشمیری جماعتوںکو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور استحکام پاکستان کیلئے بھرپور مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جماعۃالدعوۃ تھرپارکر میں قحط زدگان کی ہرممکن مدد کی کوششیں کر رہی ہے۔ آواران کے زلزلہ زدہ علاقوںمیں متاثرین کو گھر بناکر دے رہے ہیں۔ مزید برآں جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے زیر اہتمام احیائے نظریہ پاکستان مارچ، کانفرنسوں، جلسوں اورسیمینارز کا سلسلہ گذشتہ روز (منگل) کو بھی جاری رہا۔ لاہور، فیصل آباد، منڈی بہائوالدین، اسلام آباد، خیر پور، لیہ، کاہنہ و دیگر شہروں میں منعقدہ تقریبات میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جماعۃالدعوۃ کے رہنمائوں مولانا امیر حمزہ، قاری محمد یعقوب شیخ، مولانا ابو الہاشم، حافظ خالد ولید و دیگر نے لاہور میں مختلف مقامات کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان کی بنیاد عقیدہ توحید پر مبنی ہے، مسلمان اور ہندو ایک نہیں ہوسکتے، یہ دو الگ قومیں اور تہذیبیں ہیں۔ آج اسی نظریہ کو مسخ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاکہ پاکستان کے مسلمان نظریاتی طور پر اپنا وجود برقرار نہ رکھ سکے۔ مولانا عبدالعزیز المدنی، حافظ محمد اکرم، مولانا بشیر احمد خاکی، مولانا خالد سیف الاسلام نے فیصل آباد میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سیکولرازم کو فروغ دینے کیلئے باقاعدہ تحریک شروع کی گئی ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنماحافظ محمد مسعود نے منڈی بہائوالدین، مولانامحمد عمر ربانی، مولانا طاہر طیب بھٹوی نے اسلام آباد، مولانا قاری گلزار احمد نے کاہنہ، مولانا ابو جبران نے لیہ، مولانا یوسف ربانی نے حافظ آباد، مولانا غلام قادر سبحانی نے خیر پور، قاری احمد سعید ملتا نی نے گوجرانوالہ میں احیائے نظریہ پاکستان کانفرنسوں و جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیکولرازم کی راہ ہموار کرنے کے لئے کی گئی کوششیں ناکام بنائیں گے۔