دوست ملک نے غیر مشروط امداد دی، لوگوں سے ملکی بھلائی ہضم نہیں ہو رہی: برجیس طاہر
شاہ کوٹ +اسلام آباد (نامہ نگار+ثناء نیوز) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہرنے کہاہے کہ دوست ملک کی طرف سے دی گئی امداد غیر مشروط ہے اور اس کا خارجہ پالیسی کی تبدیلی سے کچھ لینا دینا نہیں۔ اُمت مسلمہ کی وحدت اور استحکام ہماری خارجہ پالیسی کا اہم اور بنیادی ستون ہے جس پر کوئی سودے بازی نہیں ہوسکتی۔ ہماری قیادت نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے نہ کبھی کسی سے ڈکٹیشن لی نہ لیگی۔ مسلم لیگ (ن) کا خارجہ پالیسی کے حوالے سے نقطہ نظر بہت واضح ہے ۔ عوامی نمائندے ہونے کے ناطے سے ہمارایہ ایما ن ہے کہ اسے عوامی جذبات اور امنگوں کا عکاس ہونا چاہیے۔ اس ضمن میں اپوزیشن کی قیاس آرائیاں حقیقت کے منافی ہیں یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کا کا م ہے تنقید کرنا۔ لوگوں سے پاکستان کی بھلائی ہضم نہیں ہوتی۔ دنیا نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کرتی ہے اور معاشی پالیسوں کو سراہتی ہے۔ چونکہ ہم نے پاکستان کے معاشی استحکام کا بیڑہ اٹھایا ہے اسلئے دوست ممالک پاکستان کی امداد کر رہے ہیں۔ مزید برآں شاہکوٹ کے نامہ نگار کے مطابق برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ملک کو درپیش تمام مسائل کا جلد از جلد حل کروا کے عوام کو تمام تر بنیادی سہولتوں سے مستفید کرے گی اور انہیں تفریح کے مواقع فراہم کریگی تاکہ عوام کو خوشی کے لمحات میسر ہوں۔ وہ قائداعظم سپورٹس کمپلیکس شاہ کوٹ میں جشن بہاراں کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت و رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جس احسن طریقے سے تمام اضلاع میں جشن بہارں کی تقریبات منعقد ک روا کے عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کئے ہیں وہ یقیناً قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا انشاء اللہ آئندہ بھی حکومت ایسے اقدامات کرتی رہے گی۔ اس موقع پر ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان علی خاں، اسسٹنٹ کمشنر شاہ کوٹ میاں طارق محمود، ٹی ایم او ٹی نوید، چودھری ذوالفقار سدھو، نجابت علی بھٹی، محمد انور صدیقی، رانا صفدر، ملک خلیل احمد، شیخ عبدالرزاق حیدری اور آفتاب مقبول چاند کے علاوہ معززین علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔