لاہور: 32 لاکھ سے زائد کے ڈاکے، گوجرانوالہ میں مزاحمت پر نوجوان قتل
لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ گوجرانوالہ میں ڈکیتی مزاحمت پر محنت کش نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ڈاکوئوں نے نشتر کالونی کے علاقہ گیلانی پارک کے رہائشی رضوان کے گھر گھس کر اہلخانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر8لاکھ روپے کی نقدی، زیورات اور دیگر گھریلو سامان، نصیر آباد میں غلام حسین سے 4لاکھ 10ہزار روپے اور موبائل فون، غالب مارکیٹ میں ساجد سے 4لاکھ، اقبال ٹائون میں عنصر علی سے 3لاکھ، اقبال ٹائون میں عمار سے 2لاکھ 50ہزار روپے اور موبائل فون ،ستو کتلہ میں عمران سے 2لاکھ 50ہزار روپے اور موبائل فون، نواب ٹائون میں راحیل سے 1لاکھ 50ہزار، مسلم ٹائون میںیاور خان سے 1لاکھ 80ہزار، باٹا پور میں افضل سے 55ہزار روپے مالیت کی نقدی و سعودی ریال اور موبائل فون، شمالی چھائونی میں افتخار سے 36ہزار پانچ سو روپے اور موبائل فون، شاد باغ میں اشرف سے 95ہزار، گلشن راوی میں نعمان سے 65ہزار، موٹر سائیکل اور موبائل فون ،جوہر ٹائون میں رفیع سے 81ہزار روپے، گرین ٹائون میں سلمان سے 90ہزار، ہنجر وال میں سلیم سے 50ہزار روپے اور موبائل فون، مصطفی ٹائون میں خرم سے 70ہزار، لیاقت آباد میں سلیم سے 45ہزار، موٹر سائیکل اور موبائل فون ،کاہنہ میں منور سے 20ہزار روپے مالیت اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے جوہر ٹائون سے ساجد اور نوید، ریس کورس سے عبدالغنی ،شاہدرہ سے فیض، مسلم ٹائون سے عامر بیگ کی کاریں جبکہ گلشن راوی سے شعیب، گلشن اقبال سے عبدالخالق، نواب ٹائون سے عبد الصمد، ستو کتلہ سے امتیاز، مانگا منڈی سے نوازش، سول لائن سے عاطف، مغلپورہ سے اظہر، اکبری گیٹ سے اشفاق، راوی روڈ سے ظفر، باغبانپورہ سے اعظم، ریس کورس سے ولید اور فیصل کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ ادھر گوجرانوالہ میں ڈاکوئوں نے دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر محنت کش نوجوان کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بتایا گیا ہے کنگنی والا کے رہائشی ارسلان کو جناح پارک کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے روک کر اس سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ اس دوران ارسلان نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس سے محنت کش نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ مضروب کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا تاہم تھانہ سبزی منڈی پولیس مصروف تفتیش ہے۔