لیاقت بلوچ کی حافظ سعید سے ملاقات، نظریہ پاکستان مارچ میں شرکت کی یقین دہانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان نے 23مارچ کو احیائے نظریہ پاکستان مارچ میں شرکت کے لئے سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں، ادھر جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید سے ملاقات کی اور احیائے نظریہ پاکستان مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران حافظ محمد سعید اور لیاقت بلوچ نے اس بات پر اتفاق رائے کا اظہا رکیا کہ ان حالات میں کہ جب دشمنان اسلام منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوان نسل کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان کھرچنے کی کوششیں کر رہے ہیں‘ احیائے نظریہ پاکستان کے حوالہ سے ملک گیر مہم چلانا وقت کی بہت بڑی اور اہم ضرورت ہے۔ تحریک حرمت رسولﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ اور قاری محمد یعقوب شیخ پر مشتمل وفد نے تنظیم اسلامی پاکستان کے سربراہ حافظ عاکف سعید اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سینئر نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور انہیں 23 مارچ کو مینار پاکستان سے مسجد شہداء تک مال روڈ تک ہونے والے نظریہ پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں پھیلائے جانے والے فکری انتشار اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتیں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے جانے والے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنائیں۔ علاوہ ازیں جماعۃ الدعوۃ نے یوم پاکستان کے موقع پر احیائے نظریہ پاکستان مارچ میں شرکت کیلئے لاہور اور اس کے گردونواح سے سینکڑوں مقامات سے قافلے ترتیب دیئے ہیں، جہاں سے جماعۃالدعوۃ کے تحصیلی ذمہ داران اور مقامی علماء کرام کی قیادت میں لوگ مینار پاکستان پہنچیں گے اور تحفظ نظریہ پاکستان کا عزم کرتے ہوئے مسجد شہداء مال روڈ کی طرف کئے جانے والے مارچ میں شریک ہوں گے۔ 23مارچ کو مینار پاکستان سے مسجد شہداء مال روڈ تک احیائے نظریہ پاکستان مارچ کے حوالہ سے تیاریوں و انتظامات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ لاہور کے تمامتر تعلیمی اداروں سے طلباء کی بڑی تعداد بھی شریک ہو گی۔ علاوہ ازیں جماعۃ الدعوۃ پاکستان کی اپیل پر کل 21مارچ جمعہ کو ملک بھر میں علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین خطبات جمعہ میں تحفظ نظریہ پاکستان کو موضوع بنائیں گے اور وطن عزیزکے خلاف بیرونی سازشوں سے قو م کو آگاہ کیا جائے گا۔ گذشتہ روز بھی مختلف شہروں میں نظریہ پاکستان کانفرنسوں اورجلسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 23مارچ کو پورے ملک میں احیائے نظریہ پاکستان مارچ ہوںگے‘ جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور،کراچی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، چکوال، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ساہیوال، مظفر گڑھ، حیدر آباد، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مظفر آباد سمیت دیگر شہروں میں چوکوں و چوراہوں پر کیمپ لگائے گئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر پاکستان کا مطلب کیا ’’لاالہ الااللہ‘‘ کی وال چاکنگ کی گئی ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے کل مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ شعبہ دعوت و اصلاح کے تحت نوشہرو فیروز،دادو ، حافظ آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں میں نظریہ پاکستان کانفرنسوں و جلسوں کا انعقاد کیا گیا جن سے مولانا غلام قادر سبحانی،حافظ عبدالرئوف، مولانا عبداللہ احمد، مولانا محمد یوسف ربانی و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں اور اس مقصد کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کیاجا رہا ہے۔ تعلیمی نصاب سے اسلام ، مسلمانوں کی تاریخ اور نظریہ پاکستان سے متعلق مضامیں ختم کرنا انہی کوششوں کا حصہ ہے۔