سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو جعلی ادویات دے کر مارا گیا‘ کارروائی نہیں ہوئی : چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے ڈینگی وبا کے دوران مریضوں کو جعلی ادویات دینے والے جناح ہسپتال کے افسران کیخلاف کارروائی میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو جعلی ادویات دے کر مارا گیا مگر دو سال گزرنے کے باوجود ذمہ داروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ فاضل عدالت نے ڈینگی وبا کے دوران جعلی ادویات کی فراہمی میں ملوث جناح ہسپتال کے افسران کیخلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سال 2011ء اور 2012ء کے دوران ڈینگی وباء کی وجہ سے سینکڑوں انسانی زندگیاں ضائع ہوئیں جس کی ایک وجہ ڈینگی کے مریضوں کو جعلی ادویات اور ٹیکوں کی فراہمی تھی۔ فاضل عدالت کو بتایا گیا کہ میجر(ر) مبشر اللہ نے جناح ہسپتال کے ڈرگ سٹور روم میں چھاپہ مار کر جعلی ادویات برآمد کی تھیں اور ذمہ داروں کی نشاندہی بھی کی تھی مگر دو برس گزرنے کے باوجود ذمہ داروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ عدالت کے استفسار پر جناح ہسپتال کے وکیل نے بتایا کہ میجر (ر) مبشر اللہ کی انکوائری پر ابھی تک کوئی جواب داخل نہیں کیا گیا اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوںمیں مریضوں کو جعلی ادویات دے کر مارا گیا مگر دو سال گزرنے کے باوجود ذمہ داروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ اگر آئندہ تاریخ پر جناح ہسپتال کی طرف انکوائری رپورٹ پر کوئی موقف سامنے نہ آیا تو آئندہ سماعت پرپرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج کو طلب کریں گے، کیس کی مزید سماعت 8اپریل کو ہو گی۔این این آئی کے مطابق سپریم کورٹ نے وزیر آباد میں کارڈیالوجی ہسپتال سے متعلق لئے گئے ازخود نوٹس پر پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ وزیر آباد میں کروڑوں روپے کی لاگت سے کارڈیالوجی ہسپتال کی عمارت تیار ہے جبکہ اس میں کروڑوں روپے کی مشینری بھی پڑی ہے لیکن ہسپتال کو آپریشنل نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے مشینری بھی ناکارہ ہورہی ہے۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ادویات کے ری ایکشن ازخود نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہیلتھ پالیسی اور ڈرگ ایکٹ سے متعلق ہدایات دیدی ہیں۔ اب عملدرآمد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے افروز فارما کے مالک اور شریک ملزم کی عدم پیروی کی بناء پر اخراج مقدمہ کی درخواست خارج کردی۔