پاکستان ، برطانیہ دفاعی تعاون فورم کا اجلاس، افغانستان میں عدم مداخلت پر اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان برطانیہ دفاعی تعاون فورم نے افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا کے موقع پردونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ لندن میں پاکستان برطانیہ دفاعی تعاون فورم کا اجلاس ہوا۔پاکستان کی جانب سے سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں انخلا کے بعدافغانستان کی صورتحال اور خطے میں اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون پر اتفاق ہوا۔ سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک نے کہا کہ پاکستان افغانیوں کی زیر قیادت امن عمل پر یقین رکھتا ہے۔ فورم اجلاس کے اعلامیے کے مطابق افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی پر اتفاق کیا گیا ہے۔ فورم میں اتفاق ہوا کہ برطانیہ سمیت عالمی برادری افغانستان کے ساتھ طویل عرصے تک رابطے میں رہے۔ ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے دفاعی تعلقات کی نوعیت اور سطح پر غور کیا گیا۔لندن میں قیام کے دوران سیکرٹری دفاع نے برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف سے بھی ملاقات کی۔