’’وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چولستان میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے‘‘
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر چولستان میں تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور چولستان کے مکینوں کی بہتری کیلئے مزید اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ یہ بات چولستان کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے بہاولپور میں ہونے والے صوبائی وزراء کے ایک خصوصی اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہائوسنگ و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان، صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف، چوہدری سعود مجید، خالد ججہ، سمیع اللہ چوہدری، کمشنر بہاول پور کیپٹن (ر) اسد اللہ خان، آر پی او بہاول پور شاہد حنیف، سیکرٹریز ہیلتھ، لائیو سٹاک، پی اینڈ ڈی، زراعت اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے ہدایت کی کہ چولستان کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے چولستان کے بعض علاقوں میں واٹر سپلائی سکیموں کے ٹیوب ویلوں کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر و دیگر اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اجلاس میں چولستان کی موجودہ صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا گیا اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی وضع کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ چولستان میں لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام متعلقہ محکمے ماسٹر پلان بنائیں اور باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ مربوط انداز میں اس طرح سے کام کریں کہ چولستان کے لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم ہوں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ چولستان میں قائم تمام بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹرز کی حاضری کویقینی بنایا جائے اور صحت مراکز کی مسلسل مانیٹرنگ کر کے غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں موبائل ڈسپنسریاں بھیجی جائیں تاکہ کوئی شخص علاج معالجہ کی سہولت سے محروم نہ رہے۔ چیف سیکرٹری نے یہ بھی ہدایت کی کہ چولستان کے تمام علاقوں میں معلومات کی لمحہ بہ لمحہ فراہمی و رسائی کا موثر نیٹ ورک قائم کیا جائے اور تمام علاقوں کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ حاصل کی جائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ چولستان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فوری طور پر 70واٹرٹینک تقسیم کئے جا رہے ہیں جن کی مقدار 5ہزار لٹر ہے۔ بعدازاں چیف سیکرٹری پنجاب نے چولستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کے مکینوں سے ملاقات کی۔ دریں اثناء صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے چولستان کے مختلف علاقوں قلعہ دڑاوڑ، کھیر سر، بجنوٹ، نواں کوٹ اور چاچڑاں کا دورہ کیا اور وہاں کے مکینوں سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر ملک اقبال چنڑ نے اس موقع پر کہا کہ چولستان ترقیاتی ادارہ کے زیراہتمام مختلف چولستانی علاقوں میں چار مفت میڈیکل ووٹرنری کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں علاقہ مکینوں کاطبی معائنہ و مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں جبکہ بیماریوں سے تحفظ کے لئے ہزاروںمویشیوں کی ویکسی نیشن بھی کی گئی ہے۔ دریں اثناء مشیر صحت وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ بابر حیات تارڑ کی صدارت میں دفتر ای ڈی او ہیلتھ بہاولپور میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں طے پایا گیا کہ جمعہ کے روز سے ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جائیگااور چولستان میں ماں اور بچوں کی صحت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ سندھ و مسلم لیگ (ن) کے رہنما ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ پنجاب کی جانب سے بھیجے جانے والے 50 ٹرکوں کے امدادی سامان کو چار روز کے دوران تھر پار کے 15 ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کردیا گیا اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے متاثرین کی غذائی قلت کی مکمل بحالی تک امدادی سامان کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مٹھی تحصیل کے گائوں بلا ول اُوتھو میں پنجاب کے امدادی سامان کو متاثرین میں تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ متاثرین کی زندگی بچانے کیلئے خوراک اور پانی کا اہم کردار ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے متاثرین کی غذائی ضروریات کو بروقت پورا کرکے تھر کے لوگوں سے عملی محبت کا اظہار کیا ہے۔