• news

گوجرانوالہ: گیس کی عدم فراہمی، ڈنڈا بردار شہریوں کا روٹیاں گلے میں ڈال کر احتجاج

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ میں سوئی گیس کی عدم دستیابی پر سینکڑوں لٹھ بردار مرد و خواتین شہریوں نے خشک روٹیاں گلے میں ڈال کراحتجاجی مظاہرہ، محکمہ سوئی گیس کی تنصیبات کے جنگلے اکھاڑ دیئے۔ چند دا قلعہ بائی پاس اور گرد و نواح کے علاقوں سے سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے گیس کی عدم دستیابی کے خلاف لاٹھیاں اٹھائے گلے میں خشک روٹیاں ڈال کر سڑکوں پر نکل آئے اور لاہور اسلام آباد جانے والی شاہراہ کو بلاک کر احتجاجی مظاہرہ کیا، حکومت اور گیس حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک ماہ سے انہیں گیس دستیاب نہیں جس کے باعث گھروں میں چولہے نہیں جل رہے ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایل پی جی گیس مہنگی ہونے کے باعث قوت خرید سے باہر ہے اور سوئی گیس دستیاب نہیں جس کے باعث ان کے گھروں میں لڑائی جھگڑے معمول بن رہے ہیں، خواتین نے سڑک پر لیٹ کر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، اطلاع ملنے پر پولیس اور گیس حکام موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے جلد گیس فراہمی کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔ مزید برآں گیس حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ایک گھنٹہ کے اندر اندر گیس بحالی کی یقین دہانی کروائی گئی تو گیس کی جلد بحالی کی خوشی میں رسول پورہ کی خاتون مسرت بی بی نے پسٹل نکال کر ہوائی فائرنگ شروع کر دی، اطلاع ملنے پر تھانہ سول لائن پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے خاتون کو پسٹل سمیت گرفتار کے تھانہ منتقل کر دیا جہاں اسکے خلاف فائرنگ کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مسرت بی بی کا کہنا ہے کہ اس نے فائرنگ محکمہ سوئی گیس کے عملہ کے کہنے پر کی تھی اور یہ اس کا لائسنسی پسٹل ہے لیکن اس کا لائسنس تین سال سے ری نیو نہیں ہو سکا اور وہ آج گیس احتجاج کے بعد اپنا لائسنس ری نیو کروانے اور نئی گولیاں خریدنے کے لئے جانا چاہتی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن