سعودی عالم نے کھلے بوفے کے خلاف فتویٰ کی تردید کردی
ریاض(آن لائن) سعودی عرب کے معروف عالم دین شیخ صالح الفوزان نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ انہوں نے کھلے بوفے پر پابندی کے لئے کوئی فتویٰ جاری کیا ہے۔ ان کے بقول انہوں نے تو صرف یہ کہا تھا کھلے بوفوں میں کھانے کی مقدار کا تعین کیا جانا چاہئے تاکہ لوگ ''نامعلوم'' مقدار کو خرید نہ کریں۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق گذشتہ ہفتے میڈیا پر آنے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا شیخ صالح الفوزان نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے قرآن ٹی وی پر ایک پروگرام کے دوران ایک فتویٰ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا بوفے میں کھلے عام کھانا خلاف اسلام ہے۔ بوفے میں کھانے کی مقدار کو فروخت سے پہلے واضح کیا جانا چاہئے اور خریدار کو پتا ہونا چاہئے وہ کیا خرید کررہا ہے۔ شیخ صالح نے گزشتہ روز اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں اس رپورٹ کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا یہ مجھ سے منسوب کیا گیا ہے میں نے بوفے کی ممانعت کردی ہے۔ یہ ایک کھلا جھوٹ ہے جو خیال آرائی پر مبنی اور من گھڑت ہے۔ انہوں نے لکھا کہ حقیقت یہ ہے کہ مجھ سے بعض ریستورانوں میں بوفوں میں پیش کئے جانے والے کھانوں کے حوالے سے پوچھا گیا تھا۔