امریکہ نے جاسوسی پروگرام سے ایک ملک کی ہر ٹیلیفون کال ریکارڈ کی: واشنگٹن پوسٹ
واشنگٹن ( نمائندہ خصوصی+آن لائن) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی جاسوسی ادارہ نیشنل سکیورٹی ایجنسی ایک نامعلوم ملک کی تمام کالز ریکارڈ کر سکتا ہے۔ میسٹک نامی نے جاسوسی پروگرام کے ذریعے ایک ملک میں 30 دنوں کے دوران اربوں ٹیلی فون کالز کو ریکارڈ کیا گیا اور جب نئے کالز ہونے لگیں تو پرانی ختم کر دی گئیں۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق این ایس اے نے ایک ایسا نظام بنایا ہے جو ایک نامعلوم ملک میں ایک مہینے کے دوران ہونے والے ہر ٹیلیفون کال کو ریکارڈ کر سکتا ہے۔ امریکی حکام کی درخواست پر اس ملک یا دیگر ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے جائیں گے۔ نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے میسٹک نامی جاسوسی کا یہ پروگرام 2009 ء میں بنایا۔ ایڈورڈ سنوڈن نے اس پروگرام کے بارے میں راز افشا کرتے ہوئے مزید معلومات دینے کا وعدہ کیا ہے۔شہری آزادی کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے اس رپورٹ کو ’رونگٹے کھڑے کرنے والی‘ قرار دیا ہے لیکن امریکی حکام نے اس پر تبصرہ نہیں کیا۔ ادھر گذشتہ سال روس فرار ہونے والے این ایس اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن نے کہا کہ’بالکل مزید انکشافات ہونگے۔ بعض بہت اہم رپورٹنگ ابھی ہونی ہے۔