مظفر آباد: گاڑی پر مٹی کا تودہ گرنے سے سرکاری افسر بیٹی سمیت جاں بحق‘ شہریوں کا شدید احتجاج‘ صدارتی کیمپ افس پر دھاوا‘ آگ لگانے کی کوشش
مظفرآباد (آن لائن) برار کوٹ سے مظفرآباد آتے ہوئے سرکاری گاڑی لوہار گلی کے مقام پر اچانک لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی جس کے نتیجہ میں محکمہ زراعت کا ڈائریکٹر اشرف قریشی اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوگئے‘ پولیس نے بروقت ریسکیو آپریشن کے بعد مزید چھ افراد کو ملبے تلے آنے سے بچالیا۔ تفصیلات کے مطابق برار کوٹ کے رہائشی ڈاکٹر اشرف اپنی بیٹی مظفرآباد سکول کی طالبہ کے ہمراہ سرکاری گاڑی پر مظفرآباد جارہے تھے کہ لوہار گلی کے مقام پر اچانک مٹی کا ایک تودہ ان کی گاڑی پر آگرا جس کے نتیجے میں ڈاکٹر اشرف قریشی کی سرکاری گاڑی جسے وہ خود چلارہے تھے‘ ملبے کی زد میں آگئی۔ ادھر واقعہ کیخلاف مظفرآباد کے شہریوں نے لوہار گلی میں آزاد کشمیر کے صدر کی رہائشگاہ کے قریب شدید احتجاج کیا۔ مشتعل افراد نے صدارتی کیمپ آفس کو آگ لگانے کی کوشش کی اور توڑ پھوڑ کیساتھ پولیس پر پتھرائو کیا جس پر پولیس نے مشتعل مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے شاہراہ کو بند کردیا اور حکومت اور انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔