کراچی: قتل و غارت گری جاری، پولیس انسپکٹر سمیت 11 افراد جاں بحق، 3 زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ایک طرف ٹارگٹڈ ایکشن دوسری طرف قتل و غارت کا سلسلہ جاری رہا۔ جمعرات کو بھی تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں پولیس انسپکٹر، اہلکار اور دو خواتین سمیت11 افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ اورنگی ٹائون کے سیکٹر ساڑھے گیارہ اسلام چوک پر امام شادی ہال کے نزدیک جمعرات کی صبح موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل محبوب عالم اور ایک راہ گیر صابر حسین ہلاک اور ایک پولیس کانسٹیبل فاروق زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل سوار پولیس کی یونیفارم میں ملبوس تھے ادھر گلشن معمار کے علاقے جمالی گوٹھ میں مسلح افراد نے ایک الیکٹریشن30 سالہ نورالسلام کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے جبکہ منگھوپیر کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص60 سالہ قاسم ولد پیر بخش مارا گیا فیڈرل بی ایریا بلاک گیارہ میں 40 سالہ رانی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹائون بلاک ایل میں جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار کرکے ایک عورت35 سالہ مہناز ہلاک اور دو افراد60 سالہ شاہین بی بی اور30 سالہ مرشد زخمی ہوگئے۔ ادھر میمن گوٹھ کے علاقے جام گوٹھ کے نزدیک داد رحیم سٹی میں جھاڑیوں سے ایک شخص کی لاش ملی جسے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ دریں اثناء شرافی گوٹھ کے علاقے معین آباد میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر ایک شخص65 سالہ فقیر شاہ ولد دوست خان کو سر پر اینٹ مار کر ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ کورنگی نمبر2 کیو ایریا میں نامعلوم افراد نے ایک شخص50 سالہ مشتاق ولد سلیم کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے جبکہ کورنگی نمبر ڈھائی میں کوسٹ گارڈ چورنگی کے نزدیک جمعرات کی شب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے انسپکٹر انور جعفری کی کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انسپکٹر انور جعفری ہلاک اور ان کا ڈرائیور پاشا زخمی ہوگیا اور فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ مقتول انسپکٹر انور جعفری کورنگی نمبر پانچ میں رہتے تھے وہ لانڈھی اور کورنگی سمیت کئی تھانوں کے انچارج بھی رہے تاہم کچھ عرصہ قبل ان کے خلاف ایک سیاسی رہنما کے قتل کا مقدمہ درج کر دیا گیا تو ان کی تنزلی کر دی گئی تھی ان دنوں انسپکٹر انور جعفری کرائم برانچ میں تعینات تھے ۔ جمعرات کی شب گلشن معمار میں بھی ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی افراد مقتول پولیس افسر انور جعفری کے اہلخانہ ہیں جو انور جعفری کے قتل ہونے کی اطلاع ملنے پر ہسپتال جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔