پیپلز پارٹی کا ’’یو ٹرن‘‘ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے خلاف سینٹ میں قرارداد لانے کا اعلان
لاہور (آئی این پی ) پیپلزپارٹی کا ’’یوٹرن‘‘ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے خلاف سینٹ میں قرار داد لانے کا اعلان کر دیا۔ پیپلزپارٹی کی سینیٹر صغری امام سینٹ کے آئندہ اجلاس میں قرار داد پیش کریںگی۔ گزشتہ روز لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر صغری اما م نے کہاکہ بھارت کا پسندیدہ ملک قرار دینا نظریہ پاکستان اور قائداعظم کے افکار کی نفی ہے اس لئے پیپلزپارٹی نے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی بھرپور مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے میں سینٹ میں قرارداد لائوں گی اور قرارداد کی منظوری کیلئے سینٹ میں موجود اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے ان تمام حالات کے باوجود پسندیدہ ملک قرار دینا ملک کے مفاد میں نہیں۔یادرہے کہ پیپلزپارٹی کے دور حکو مت میں ہی بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کیلئے پالیسی بنانے کا آغاز کیا گیا تھا ۔