مقبوضہ کشمیر: انتخابات کے بائیکاٹ کیلئے حریت قیادت نے مشاورت شروع کر دی
سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات بائیکاٹ کیلئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے حریت رہنمائوں اور گروپوں کے مابین مشاورت شروع ہو چکی ہے۔ حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ آزادی پسند لیڈر الیکشن کے معاملے پر ایک ہیں جبکہ شبیر احمد شاہ نے واضح کیا کہ الیکشن بائیکاٹ مہم چلانے کیلئے حریت رہنمائوں کو متحد ومنظم ہو کر عوام کے سامنے جانا چاہیے۔ معلوم ہوا ہے کہ الیکشن بائیکاٹ مہم چلانے کیلئے مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل بنانے کیلئے حریت لیڈروں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں حریت کانفرنس کے تینوں دھڑوں کے علاوہ لبریشن فرنٹ کے سینئر لیڈروں کی رائے لی جا رہی ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے میڈیا کو بتایا کہ آزادی پسند رہنمائوں کا یہ اصولی مؤقف ہے کہ وہ انتخابات کو غیرجانبدرانہ اظہار رائے یا استصواب رائے کا متبادل تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ حریت لیڈر شپ نے روز اول سے ہی جموں کشمیر میں کرائے جانے والے ہر طرح کے انتخابات کو مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی پسند لیڈر شپ کے مابین اس بات پر مکمل اتفاق رائے ہے کہ انتخابات جموں وکشمیر کے عوام کی رائے جاننے کا صحیح اور مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تک کسی بھی مزاحمتی گروپ کی طرف سے الیکشن بائیکاٹ مہم کے حوالے سے ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔