• news

غداری مقدمہ کی کارروائی روک دی جائے: مشرف کے وکلا کا مطالبہ

لندن (اے ایف پی) سابق صدر مشرف کے وکلا نے غداری کیس میں سابق صدر کا ٹرائل روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لندن سے جاری ایک بیان میں وکلا نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت مقدمے کی سماعت پر اثرانداز ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رابطوں کا انکشاف وزیراعظم آفس کے ایک ذریعے سے ہوا ہے اس لئے مقدمے کی کارروائی روک کر تحقیقات کی جائے۔ سابق صدر کے وکلا نے سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ پر بھی مشرف کی حمایت کیلئے زور دیا ہے۔
اسلام آباد (ثناء نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) غداری کیس میں مشرف کے وکیل رانا اعجاز نے خصوصی عدالت اور اس کے ججز کو ’کرائے کا قاتل‘ کہنے پر تحریری معافی  نامہ عدالت میں جمع کرا دیا۔ سپریم کورٹ بار کے صدر کامران مرتضی نے رانا اعجاز کا تحریری معافی نامہ خصوصی عدالت میں جمع کرایا جس پر خصوصی عدالت کے چیف جسٹس فیصل عرب نے انہیں عدالت میں روسٹرم پر بلا لیا، ایڈووکیٹ رانا اعجاز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ان سے جو غلطی ہوئی اس پر انہوں نے تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا ہے، آئندہ کے لئے بھی محتاط رہیں گے۔ خصوصی عدالت نے رانا اعجاز کا معافی نامہ قبول کرتے ہوئے انہیں عدالتی کارروائی کا حصہ بننے کی اجازت دے دی۔ علاوہ ازیں خصوصی عدالت کی پارکنگ میں  موبائل فون استعمال کرنے پر نجی ٹی وی چینلز کے صحافیوں اور پولیس اہلکاروں میں جھگڑا ہوا۔ پولیس اہلکاروں نے  صحافیوں کو  پارکنگ میں موبائل فون استعمال کرنے سے روکا جس پر صحافیوں نے کہا کہ موبائل فون کی پابندی عدالت کے اندر ہے احاطے میں نہیں تاہم  سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی کی جس پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔ پولیس  اہلکاروں اور صحافیوں کے جھگڑے کی اطلاع ملنے پر جسٹس فیصل عرب نے نوٹس لیتے ہوئے رجسٹرار  خصوصی عدالت  کو  تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ڈی  آئی جی سکیورٹی کو آج طلب کر لیا۔  پولیس تشدد پر صحافیوں  کی جانب سے عدالت کے باہر احتجاج بھی کیا گیا کیس کی سماعت 26 مارچ تک  ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن